حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی مظالم و جارحیت اور مسلمانوں کے قبلۂ اول پر اسرائیل کے ناجائز قبضہ کے خلاف اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان، اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور اصغریہ خواتین علم و عمل تحریک پاکستان کی جانب سے جمعۃ الوداع کو یوم القدس منایا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، مرکزی ریلی اولڈ کیمپس حیدرآباد سے پریس کلب حیدرآباد تک نکالی گئی ، ریلی میں علماءِ کرام، خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بیٹری تعداد شریک تھی۔ ریلی کی قیادت اصغریہ تحریک کے مرکزی صدر برادر شہزاد رضا، عاطف مہدی سیال، علامہ اسد رضا نعیمی، میر زاہد حسین تالپور، سید پسند علی رضوی، قربان علی حیدری اور معلمہ مجلسمہ زہرا نے کی۔ ریلی میں شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھائے ہوئے تھے اور امریکہ و اسرائیل مردہ باد کے نعرے بلند کر رہے تھے۔
رہنماؤں نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم القدس صرف مسلمانوں کے قبلۂ اول اور فلسطین کی آزادی تک محدود نہیں بلکہ یہ تمام مظلوموں سے اظہار یک جہتی اور ان پر ہونے والے مظالم کے خلاف صدائے حق بلند کرنے کا دن بھی ہے تاکہ دنیا کے ظالم اور مظلوم قوتوں کے درمیان فرق واضح ہو جائے۔
رہنماؤں نے مزید کہا کہ عالم اسلام کا قبلۂ اول گزشتہ 70 سالوں سے ایک ہی منظر پیش کر رہا ہے اور فلسطین کی سرزمین پر غاصب ریاست اسرائیل انسانیت کے قتل و غارت اور انسانی حقوق کی سنگین پامالی کر رہی ہے مگر اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے دوسرے شہروں نوابشاہ، ہالا، بھٹ شاہ، میرپور خاص، سکھر، سکرنڈ، دولتپور، مورو کنڈیارو، نوشہرو فیروز، خیرپور میرس، بوزدار وڈا، دادو، میہڑ، کے این شاہ، لاڑکانہ، گھوٹکی، قمبر شہدادکوٹ، جیکب آباد، شکارپور سمیت ہر چھوٹے بڑے شہر میں القدس ریلیوں کا انعقاد کیا گیا جس میں اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرے بلند کئے گئے اور اسرائیل و امریکہ کے پرچموں کو نظر آتش کیا گیا۔